لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں انٹرنیشنل رگبی کی واپسی، ازبکستان کی 15 سائیڈ رگبی ٹیم ہفتہ 27 اپریل کو ایشین رگبی ڈویژن تھری چیمپئن شپ ڈویژن تھری سی کھیلنے کیلئے لاہور پہنچے گی۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ کے مطابق ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران ازبک ٹیم دو 15 سائیڈ ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلا میچ 28 اپریل بروز اتوار کو سہ پہر چار بجے پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں جبکہ دوسرا میچ یکم مئی بروز بدھ کو سہ پہر چار بجے پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں ہوگا۔ فوزی خواجہ کے مطابق پاکستان ٹیم نے دو ماہ کے کیمپ میں کافی محنت کی ہے اور لڑکے بھرپور فٹ اور امید ہے کہ ازبکستان کی ٹیم سے زبردست مقابلے ہوں گے۔ پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد نے چیئرمین فوزی خواجہ ، صدر چودھری عارف سعید اور دیگر کی مشاورت سے تیس رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کے تجربہ کارکھلاڑی کاشف خواجہ کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔پاکستان رگبی ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک جبکہ مینجر محمد عبداللہ ہیں۔ مہمان ٹیم 26 کھلاڑیوں اور تین آفیشلز پر مشتمل ہے جن کے ہیڈ آف مشن ٹیم مینجر شوکرک ہیں۔