لاہور‘ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر‘ نمائندگان خصوصی) پنجاب کے بلدیاتی نمائندے پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کے حوالے سے پیش ہونے والے بل کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ پنجاب بھر سے یونین کونسلز کے چیئرمینز اور کونسلرز لاہور کے مال روڈ پر جمع ہوئے اور چیئرنگ کراس پر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں آئینی مدت پوری کرنے کا حق دیا جائے۔ پنجاب اسمبلی میں بل پیش کرکے ہمارا استحصال کیا جارہا ہے اگر بل واپس نہ لیا گیا تو احتجاج جاری رہے گا اور سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گئے۔ چئرمینوں کے احتجاجی مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں۔ بلدیاتی نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ بل کے خلاف اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ دوسری جانب احتجاج کے باعث مال روڈ پر کئی گھنٹے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا، سخت گرمی میں شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد دھرنے میں شرکت کیلئے لاہور پہنچی۔ ڈپٹی میئر رانا مقصود، لیبر ممبر کارپوریشن ناصر محمود کھوکھر ،میاں ایوب انصاری، اقلیتی چیئرمین عاطف عزیز گل، یوسی چیئرمین حاجی غلام مرتضیٰ چھینہ، شاہد ظفر بھنڈر، متین اعوان ، رانا طارق ، اسامہ نصر وڑائچ کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی حاجی وقار چیمہ اور حاجی امان اللہ وڑائچ سمیت بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔ میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام نے کہا کہ تبدیلی سرکار عوام کے حقوق پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کا لوکل باڈیز بل کیخلاف چیئرنگ کراس پر دھرنا
Apr 24, 2019