جماعت اسلامی اقتدارکے قلعوں کونہیں ، عوام کے دلوں کوفتح کرناچاہتی ہے: راشد نسیم

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اقتدار کے قلعوں کو نہیں ، عوام کے دلوں کو فتح کرنا چاہتی ہے ۔ پاکستان کے عوام اور خاص طور پر سیاسی کارکنوں نے ایک ایک کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیاہے مگر کسی جماعت نے بھی ان کے مسائل کو حل نہیں کیا بلکہ عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں اضافہ کیا۔ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکن قابل رحم ہیں جنہوں نے اپنی پارٹیوں کو اقتدار میں لانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں مگر جب پارٹیاں اقتدار میں آئیں تو کارکنوں کی امیدوں اور توقعات کا خون کیا ۔ ان کے خواب چکناچورہوئے ۔ جماعت اسلامی ان سیاسی کارکنوں کی جدوجہدکو سلام پیش کرتی ہے اور انہیں دعوت دیتی ہے کہ ملک وملت کی بگڑی سنوارنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ۔ جماعت اسلامی کبھی انہیں مایوس نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایبٹ آباد میں ضلعی ذمہ داران اور کارکنان کے تربیتی سٹڈی سرکل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ غلبہ دین کی تحریک ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد کسی کے ذاتی اقتدار کی راہ ہموار کرنا نہیں ۔ ہم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن