لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے انٹر فیتھ ڈائیلاگ فورم کے زیر اہتمام" ماحول کا تحفظ ۔ہماری ذمہ داری" کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں موجودشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ دہشتگردی اور ماحولیاتی آلودگی میں مماثلت ہے کیونکہ ان سے انسانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیاں انسانی زندگی کو براہ راست متاثر کر رہی ہیں۔ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف زرعی مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیںجو آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کر یں گے۔اس لئے ہمیں اپنے بچوںمیں اوائل عمرسے ہی شعور پیدا کرنے کے لئے درسی کتب میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علماء ومشائخ کی رہنمائی اور مشاورت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔سیمینار میں بشپ عرفان جمیل، فادر جیمز چنن، جاوید وسیم، مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا ایوب خان ثاقب، ڈاکٹر مجید ایبل و دیگر مذاہب کے قائدین نے بھی شرکت کی ۔