پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چینی بحریہ کی ستر سالہ تقریبات میں شرکت اور چین کے وزیرِ دفاع سے ملاقات 

 پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی چین کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ دورے کے دوران انہوں نے چین کے قومی دفاع کے وزیر اور اسٹیٹ کونسلر جنرل وے فنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی اور کنگ ڈاﺅ میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت کی۔ 

ملاقات کے دوران میری ٹائم سکیورٹی اور باہمی اشتراک سے متعلقہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج اور عوام الناس کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں جو ہر آزمائش میں پورے اترے ہیں ۔ نیول چیف نے کراچی میں پاک بحریہ کی جانب سے منعقدہ کثیرالقومی بحری مشق 2019 میں جنگی جہازوں ِ ، اسپیشل آپریشنز فورسز اور میرین کی ٹیموں کے ساتھ چین کی بحریہ کی بھرپور شرکت پر چین کے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا ۔ چین کے وزیر دفاع نے کثیرالقومی بحری مشق امن 2019 کے کامیاب انعقاد کو سراہا ۔ جنرل وے فنگ نے پاکستان کو چین کا ہر مشکل وقت کا دوست ملک قرار دیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے اہم حصے سی پیک کے بارے میں دونوں شخصیات نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اس کو خطے اوراس سے جڑے ممالک کی خوشحالی اور معاشی مضبوطی کا منصوبہ قرار دیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اورجنرل وے فنگ نے عسکری اشتراک کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کا اظہار کیا ۔ 

  دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے چین کی ستر سالہ تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ " انٹرنیشنل فلیٹ ریویو" میں بھی شرکت کی ۔یہ کثیرالقومی نیول ایونٹ کنگ ڈاﺅکے ساحلی شہر میں منعقد ہوا جس میں ہائی لیول سمپوزیم، ملٹری بینڈ کے مظاہرے ، ثقافتی اور کھیلوں کے باہمی تبادلے شامل تھے۔

  پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات میں بالخصوص مزید وسعت و استحکام کا باعث ہوگا۔ 

ای پیپر دی نیشن