رمضان کی آمد پر مسلمانوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، دنیا جنگ بندی کرے: انتونیو گوتریس

Apr 24, 2020

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بھرپور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز مسلمانوں کے لیے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ یہ رمضان پہلے کی نسبت بہت مختلف ہو گا کیونکہ کورونا وائرس کے باعث تمام سرگرمیاں متاثر ہوں گی، انہوں نے ایک بار پھر دنیا بھر میں جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے جنگ بندی ضرروی ہے۔ انہوں اس قرآن مجید کی سورہ انفال کی آیت 61 کا حوالہ دیا جس کا ترجمہ ہے،’’ اور اے نبی ﷺ ! اگر دشمن صلح و سلامتی کی طرف مائل ہوں تو تم بھی اس کے لئے آمادہ ہو جائو۔۔۔‘‘۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المباک انتہائی کمزور اور غریب لوگوں کی مدد کا نام بھی ہے اور میں پوری مسلم دنیا کی حکومتوں اور لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مہمان نوازی اور سخاوت کی بہترین اسلامی روایت میں امن پسند لوگوں کی حمایت کرتے ہوئے اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرتے ہیں جو اس دنیا کے لیے ایک سبق ہے جہاں کرونا وائرس سے بھی پہلے تحفظ کے محتاج افراد کے لئے بہت سے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں تمام افراد کے لیے اتحاد و یکجہتی، ہمدردی اور رحمتوں کے لیے دعا گو ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء کا فائدہ اٹھا کر انسانی حقوق کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہو گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کروناوائرس کی وباء اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا وائرس نسلی قومیت ، پاپولزم ، آمریت پسندی اور انسانی حقوق کے خلاف جابرانہ اقدامات کرنے کا بہانہ فراہم کرسکتا ہے جو ناقابل قبول ہے لہذا اس سلسلے میں دنیا کی حکومتیں شفاف اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور صحافت کی آزادی اہم ہے، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور نجی شعبے بلکہ ہم سب اپنا ضروری کردار ادا کریں اور یہ بات یاد رکھیں کہ خطرہ لوگوں سے نہیں بلکہ وائرس سے ہے۔

مزیدخبریں