کرونا: برطرفیوں کیخلاف درخواست‘ ہائیکورٹ کا پنجاب حکومت کے جواب پر عدم اطمینان

Apr 24, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈائون/ فیکٹریوں، کارخانوں اور پرائیویٹ اداروں سے لاکھوں ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے پنجاب حکومت کے جمع کرائے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت کو جامع جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے کہا کہ حکومت نے مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں۔ درخواست گزار ملازمت سے نکالے گئے مزدوروں کی فہرست پیش کریں۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو بیان حلفی بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔ 30 اپریل کو سیکرٹری یا ایڈیشنل سیکرٹری کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس قاسم خان نے لیبر فیڈریشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں حکومت پنجاب، محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ لیبر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ پنجاب میں لاک ڈائون کی وجہ سے صنعتی اداروں، کارخانہ مالکان نے مزدوروں کو ملازمت سے نکال دیا۔ استدعا ہے کہ عدالت حکومت پنجاب کو مزدوروں کی ملازمت پر بحالی کیلئے اقدامات اور مزدوروں کیلئے مالی امداد مختص رقم کی تفصیلات کا حکم دے۔

مزیدخبریں