دُبئی میٹرو سروس اور بس سروس اگلے ہفتے سے بحال ہو جائے گی۔ مقامی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مسافروں اور میٹرو انتظامیہ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے گائیڈ لائنز پر مشتمل دستاویزات میں میٹرو، بس اور ٹیکسی سروس میں سفر کے حوالے سے اہم ہدایات درج ہیں۔ اتھارٹی حکام کے مطابق اتوار سے 16 گھنٹے کے لیے میٹرو سروس بحال کی جائے گی۔صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک لوگ میٹرو کی سفری سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ اتوار سے جمعرات تک میٹرو بس سروس صبح 7 سے رات 11 بجے تک، جبکہ جمعہ کے روز صبح 10 بجے سے رات 11 بجے تک میٹرو بس سروس چلے گی۔ رش کے اوقات میں میٹرو ٹرین سٹاپ پرانتظار کا دورانیہ تین منٹ کا ہو گا۔میٹرو میں سفر کرنے والوں میں سماجی فاصلے کی پابندی کو لازمی بنایا جائے گا۔تمام سٹیشنز پر مسافروں کو رش لگانے سے روکنے کے لیے خاص انتظامات کیے جائیں گے۔ میٹرو کے ملازمین اور تمام مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ ایلیویٹرز میں لوگوں کی گنتی کو ایک یا دو افراد تک محدود کر دیا جائے گا۔ ٹرین پلیٹ فارمز پر مسافروں کے ہجوم سے بچنے کے لیے برقی زینوں کو بند کر دیا جائے گا۔ ٹرینوں کو وقتاً فوقتاً سٹیریلائز کیا جائے گا جبکہ بس سروس بھی 16 گھنٹوں کے لیے بحال کی جائے گی۔ امکان یہی ہے کہ اگلے دو سے چار ہفتوں میں بسوں کا دورانیہ پہلے کی طرح 20 گھنٹوں پر آ جائے گا۔ بسوں کے انتظار کے دورانیے میں بھی کمی لائی جائے گی۔ ممنوعہ علاقوں میں بسیں نہیں چلائی جائیں گی، بلکہ روٹس بدل دیئے جائیں گے۔مسافروں کے لیے ماسک پہننا اور سماجی فاصلے کی پابندی لازمی ہو گا۔ اس حوالے سے سیٹوں اور فرش پر فاصلہ رکھنے سے متعلق ہدایات کے اسٹیکرز چسپاں کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹیکسی سروس بھی اتوار سے بحال ہو جائے گی، تاہم ایک ٹیکسی میں 2 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔