کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک مرکزی کورکمیٹی کے ممبر و کورآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک سندھ سید ظفر اقبال نے جواد گیلانی کی رہائش گاہ گلشن اقبال میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں کورونا بے قابو ہوتا جا رہا ہے حکومت عملی قدامات کرے عوام ایس او پی کا خیال رکھیں عوام نے خیال نہ کیا تو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ریاست پاکستان مختلف مسائل سے دو چار ہے ایک طرف مہنگائی آسمان چھو رہی ہے دوسری طرف معاشی بد حالی ہے ۔حکمرانوں کی نا اہلی اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک و ملت قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے حکمران ملک کا کرپٹ نظام بدلنے کے بجائے وزرا بدلتے جا رہے ہیں ملک کے حالات چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ نظام بدلنے سے ٹھیک ہونگے۔سید ظفر اقبال نے کہا ملک میں دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں طاقت سے انہیں کچلنے کی ضرورت ہے ۔ کوئٹہ میں بم دھماکہ پاکستان دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی ہے قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انتہا پسندی سے پاکستان کی دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے قانون کی بالا دستی سے انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے۔