رمضان تقویٰ اور پرہیزگاری کا درس دیتا ہے: ایڈمسٹریٹر کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ رمضان مقدس مہینہ ہے اس ماہ مبارک کے دوران ہمیں آپس میں باہمی رواداری، اخوت اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے، رمضان تقویٰ اور پرہیز گاری کا درس دیتا ہے اور ایک دوسرے کے لئے ہمدردی اور اپنائیت کے جذبات کو فروغ ملتا ہے، ایک دوسرے کی مدد کرکے ہم ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کرسکتے ہیں، یہ بات انہوں نے دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کے دورے میں افطار اور دعا میں شرکت کے موقع پر کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر طٰحہ سلیم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ دعوت اسلامی کے یعقوب عطاری، یحییٰ عطاری،امین عطاری اور دیگر عہدیداران موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے فیضان مدینہ کی منتظم شوریٰ کے اراکین سے گفتگو کی جس میں باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی، انہوں نے کہا کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں تمام اداروں کے ساتھ باہمی رابطوں میں اضافہ کر رہے ہیں، دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن شجرکاری مہم میں قابل قدر تعاون فراہم کر رہی ہے، ہمارے مذہب میں بھی درخت لگانے اور ان کی آبیاری کرنے پر زور دیا گیا ہے اور اسے باعث ثواب سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر رمضان المبارک کے مہینے میں ایسے کاموں کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے لہٰذا ہم سب کو شہر کی بہتری کے لئے اپنے حصے کا کردارا دا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی کے ساتھ مستقبل میں مزید تعاون بڑھے گا اور ہم مل کر شہر میں جہاں بھی ضرورت ہوگی کام کریں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سول سوسائٹی اور دیگر سماجی و فلاحی ادارے بھی شہر کی ترقی اور بہتری کے کاموں میں اسی طرح بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہاتھ بٹائیں گے، انہوں نے فیضان گلوبل کو دعوت دی کہ منگھو پیر میں ہیلتھ سٹی میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور اسپیشل بچوں کے بحالی سینٹر کے قیام کے لئے کے ایم سی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز کریں تاکہ وہاں کے لوگوں کو سہولیات میسر آئیں، اس موقع پر دعوت اسلامی کے عہدیداران نے فیضان مدینہ آمد پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہر کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک اہم ادارہ ہے جس کی کراچی میں مرکزی حیثیت ہے، شجر کاری سے شہر خوبصورت اور سرسبز ہوگا بلکہ لوگ بھی بہترمحسوس کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن