لاہور‘ اسلام آباد ہائیکورٹس میں اے‘ او لیول  امتحانات کیخلاف درخواستیں مسترد

Apr 24, 2021

 لاہور ‘ اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+  خصوصی رپورٹر)  لاہور ہائیکورٹ نے اے اور او لیول  کے امتحانات کرانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کر دی اور قرار دیا کہ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ  کے جسٹس جواد حسن نے طلباء کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ جس میں او  اور اے لیول کے امتحانات کرانے کے حکومتی اقدامات کو چیلنج کیا گیا۔ اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے کرونا کی وجہ سے اے اور او لیول کے طلبا کے فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتے۔ درخواست این سی او سی کو بھیج دیتے ہیں، عدالتوں کا کام نہیں کہ ملک کے پالیسی معاملات میں مداخلت کریں، ویسے بھی حکومت پاکستان کیمرج کو کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتی، جس پر درخواست گزار وکیل نے کہا کہ کیمرج نے دو آپشن دئیے۔ سعودی عرب، تھائی لینڈ، انڈیا نے فزیکل کی بجائے آن لائن امتحان کے آپشن کو اپنایا ہے۔

مزیدخبریں