اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ 11 اپریل 2022ء سے ملک بھر میں تمام قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام شروع کر دیا ہے اور یہ 3 اگست 2022ء تک بلاتعطل جاری رہے گا جو شیڈول کے مطابق مکمل ہو جائے گا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کردہ حد بندیوں کے شیڈول کے مطابق اس وقت چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے لیے بنائی گئی حد بندی کمیٹیوں کی تربیت جاری ہے۔ الیکشن کمشن نے متعلقہ محکموں سے حد بندی کے لیے درکار نقشے اور دیگر ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔ حد بندی کے شیڈول کے مطابق، حد بندی کمیٹیاں 24 مئی 2022ء تک ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حد بندی مکمل کر لیں گی۔ جس کے بعد حد بندی کی ابتدائی اشاعت 28 مئی 2022ء کو کی جائے گی۔ ابتدائی حد بندی پر اپیلیں/ اعتراضات 29 مئی 2022ء سے 28 جون 2022ء تک الیکشن کمشن آف پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمشن یکم جولائی 2022ء سے 30 جولائی 2022ء تک تمام اپیلوں/ اعتراضات کی سماعت کرے گا اور 3 اگست 2022ء کو ملک بھر کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر کے حتمی اشاعت کر دی جائے گی۔