رمضان کے آخری عشرے کا خصوصی اہتمام سنت نبوی ہے: اشرف جلالی 


 لاہور( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کا خصوصی اہتمام سنت نبوی ہے۔ نارِ جہنم سے آزادی کے اس عشرے میں حصول جنت کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ چنانچہ اعتکاف، طاق راتوں میں عبادت، لیلۃ القدر کی تلاش، صدقہ فطر،ختمات قرآن اور کثرتِ درود و سلام سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ آخری عشرہ رمضان المبارک کا نکتہ عروج اس سے بھرپور استفادہ کرنا ہی عقلمندی ہے۔ رمضان کو الوداع کہنے سے پہلے اس کی خوشنودی کے لیے پوری ہمت لڑائی جائے۔ غربا اور مساکین میں عید کی خوشیاں بانٹنا رمضان کا الوداعی پیغام ہے۔ قیامت کے دن رمضان المبارک اور قرآن مجید کی شفاعت کام آئیگی۔ رمضان کے حق میں کوتاہی کرنے والے کو دونوں جہاں میں خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ جوں جوں رمضان المبارک گزرتا جارہا ہے دلوں میں رمضان کی جدائی کا غم بڑھتا جارہا ہے۔ گیارہ مہینے کے حوادثات، زمانہ کے کئی نشیب و فراز اور بحرِ زندگی کی موجوں کے کئی تھپیڑوں سے نبرد آزما ہو کر کوئی قسمت سے پھر آئندہ سال ساحل رمضان پر جاکر اْترے گا۔ اس لیے رمضان المبارک کی ہر گھڑی قدر کرنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن