لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، نمازیوں کو شہید اور زخمی کیا جا رہا ہے، پاکستان علماء کونسل اور انٹر نیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے زیر اہتمام 20 رمضان المبارک سے اختتام رمضان تک ’’عشرہ تعظیم الحرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘ منایا جا رہا ہے ، ملک بھر میں عظمت حرمین شریفین والاقصیٰ پر سیمینارز، اجتماعات اور کانفرنسیں ہوں گی ، 29 اپریل جمعۃ المبارک کو پوری دنیا میں عظمت حرمین شریفین والاقصیٰ پر خطبات جمعہ ہوں گے، مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید و حمایت کی جائے گی۔ وہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ، الاقصیٰ کی بے حرمتی کی جارہی ہے ، اسرائیل ایک پلاننگ کے تحت الاقصیٰ پر قابض ہونے کی کوشش کر رہا ہے ، یہودیوں نے الاقصیٰ میں عبادت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، مسلمانوں پر مسجد میں داخلہ پر پابندی لگائی جا رہی ہے، اسلامی تعاون تنظیم ، اقوام متحدہ اور عالمی اسلامی دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر اس حوالے سے اقدامات کریں ، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت کے مراکز حرمین شریفین اور الاقصیٰ ہیں، مسلمان اپنے مقدسات کے احترام ، استحکام اور تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر سکتے ہیں۔
طاہر اشرفی
اسرائیل پلاننگ کے تحت مسجد الاقصیٰ پر قبضے کیلئے کوشاں: طاہر اشرفی
Apr 24, 2022