کراچی (نیوز رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب جلوس یوم حضرتِ علی ؑکے موقع پر نماز باجماعت کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء جلوس نے حجتہ السلام والمسلین علامہ احمد اقبال رضوی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی۔ نماز ظہرین کے بعد شرکاء سے اپنے خطاب طارق بنگش کا کہنا تھا کہ آج یکساں قومی نصاب میں ملت جعفریہ کے تحفظات کو یکسر نظر انداز کر کے درسی کتابوں کی پرنٹنگ شروع کر دی گئی ہے اور پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ یکساں قومی نصاب کا نعرہ لگا کر ملت جعفریہ کے حوالے سے بنایا ہوا متنازعہ نصاب تعلیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شیعہ نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریاں شرمناک فعل ہے، فی الفور بے گناہ شیعہ جوانوں کی گرفتاریوں کو ظاہر کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے،وگرنہ ہم اس کے خلاف احتجاج کو سڑکوں پر لانے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا جمعتہ الوداع یوم القدس مظلوم عوام کی ظالم کے خلاف اور خالص اسلام محمدیﷺ اور امریکی اسلام میں فرق کو ظاہر کرنے کا دن ہے۔یوم القدس نے حق و باطل کے فرق کو واضح کردیا ہے لہذٰا ہر سال کی طرح جمعتہ الوداع کو نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی جانے والی مرکزی ریلی میں شریک ہوکر یہ ثابت کردیں کہ ہم ہمیشہ ظلم کے خلاف اپنی صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔
متنازعہ یکساں نصاب تعلیم کسی صورت قبول نہیں‘ آئی ایس او
Apr 24, 2022