کراچی (نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 2017کی مردم شماری اور پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہوگی ،ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر مردم شماری کرائی جائے اور کراچی کی اصل آبادی کی بنیاد پر قومی وصوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی اور وسائل فراہم کیے جائیں ،سندھ حکومت جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق فوری طور پر بلدیاتی ایکٹ 2021میں ترامیم کرکے کراچی میں بااختیار شہری حکومت کا نظام وضع کرے ، کے فور منصوبہ اس کے اصل پلان 650ملین گیلن کے مطابق فی الفور مکمل کیا جائے ،کے الیکٹرک کی سرکاری سرپرستی اور اجارہ داری ختم کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ادار ہ نورحق میں معززین کے اعزاز میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دعوت افطار سے جماعت اسلامی رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی ، نائب امیر کراچی مسلم پرویز ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔دعوت افطار میںمختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنما ،وکلاء ،صحافی ،علماء کرام ،تاجر رہنماؤں ،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔