لوڈشیڈنگ کا دورانیہ18 گھنٹے سے تجاوز کرگیا‘ درزیوں کا  کام متاثر،عید کی شاپنگ مشکل ہو گئی 


میرپورخاص/ لاڑکانہ (بیورورپورٹ) حیسکو انتظامیہ کی جانب سے ماہ صیام میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے شہری رمضان کے دو عشروں سے سحری اور افطار تاریکی  میں کرنے پر مجبور ہیں حیسکو کی جانب سے شہر بھر میں 18 سے بیس گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہر بھر میں پینے کا پانی نایاب ہو چکا ہے اور لوگ سخت گرمی میں سخت پریشان ہیں مساجد میں وضو کے لئے پانی دستیاب نہیں ہے جبکہ برقی رو سے چلنے والے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں خاص طور پر درزیوں کا کام سخت متاثر ہے بجلی کے مصنوعی بحران اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی ، تحریک انصاف ، انجمن تاجران ، سنی تحریک اور ایم کیو ایم پاکستان نے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا تھا اور اب سول سوسائٹی نے حیسکو کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اس حوالے سے سول سوسائٹی کے واجد لغاری اور دیگر کا کہنا ہے کہ حیسکو کی جانب سے پورے رمضان میں سحری افطار نماز تراویح سمیت پانچوں نمازوں کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے خلاف ہم نے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اور اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے ہم نے عوامی رابطہ مہم بھی شروع کر دی ہے تاجروں اور علمائے کرام سے ملاقات کی ہیں ۔ لاڑکانہ‘ سکھر‘ نواب شاہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں کمی نہیں آئی۔میرپورخاص سے نامہ نگار کے مطابق  میرپورخاص میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے،  سول سوسائٹی اور شہریوں کی جانب سے پوسٹ آفس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں تاجروں، سول سوسائٹی اور سیاسی و سماجی رہنمائوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے رہنمائوں واجد لغاری، کامران میمن، عامر وحید، منظور میمن، حافظ محمود قادری، مسعود عباس، شیر محمد سولنگی، معیز احمد و دیگر نے کہا کہ حیسکو میرپورخاص نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے ۔ اگر حیسکو نے دو دن میں اپنا قبلہ درست نہ کیا ۔ حیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے دفتر کے آگے دھرنا دیا جائے گا انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی بحران پر قابو پا کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن