اسرائیلی دہشت گردی قابل مذمت،دنیاکی خاموشی شرمناک ہے :مولانا عبدالحق

کوئٹہ ( بیورورپورٹ )امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، نہتے اور معصوم فلسطینی نمازیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر کے ان کو شہید کرناظلم و زیادتی کی انتہا ہے،اس ساری صورتحال پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے۔ اسرائیل ناجائزیہودی ریاست ہے امت مسلمہ بالخصوص مسلم حکمرانوں کو یہود وہنودکی درندگی دہشت گردی کے خلاف ملکر آوازبلند کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اسرائیلی امریکی مظالم کے خلاف بھر پورجدوجہد کر رہی ہے ۔ ہم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اسرائیلی صہیونی دہشت گردی دراصل عالم اسلام پر حملہ ہے۔ جس کا دفاع کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی میں دہشت گردی کررہا ہے۔ کفار کی ان سازشوں کے خلاف امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔ آج کفار چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ کی وحدت ان کی نظروں میں کھٹکتی ہے۔ حکومت پاکستان اس سارے معاملے کو بھر پور قوت کے ساتھ عالمی سطح پر اٹھائے۔ سفارتی تعلقات کو استعمال کیا جائے۔ محض قرار دادوں کا پاس ہونا کافی نہیں۔ ان سے آگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی فلسطینی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بدقسمتی مسلم حکمرانوں کی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے آج یہود وہنودہر طرف سے مسلمانوں پر حملہ آورہیں مسلم سرزمین مسلم وسائل ہڑپ کر رہے ہیں سودی قرضے دیکر مسلم مملکتوں کو غلام بنایاگیا ہے ۔جب تک مسلمان متحد نہیں ہوں گے مسلمانوں کے حکمران غیرت مند ،مسلمانوں کے دکھ درد والے نہیں ہوں گے اس وقت تک تبدیلی ممکن نہیں ۔

ای پیپر دی نیشن