مکہ مکرمہ (اے پی پی)سعودی عرب کے وزیرصحت فہد عبدالرحمن الجلاجل نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ آنے والے عمرہ زائرین کی صحت مجموعی طورپرتسلی بخش ہے اور کسی میں بھی وبائی مرض کی تصدیق نہیں ہوئی۔ سعودی خبررساں ادارے نے وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی اولین ترجیح عمرہ زائرین اور دیگر افراد کو صحت کی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس پرعمل کرتے ہوئے جامع منصوبہ بندی مرتب کی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین اور دیگر افراد کی صحت وسلامتی کے لیے طبی عملہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے،اس ضمن میں مکہ مکرمہ کے ہسپتالوں اورصحت مراکزکے علاوہ مسجد الحرام میں بھی کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلیے طبی عملہ ہمہ وقت موجود ہوتاہے۔وزیر صحت نے کہا کہ وزارت نے عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے 18 ہزار افراد کو تعینات کیا ہے۔ رمضان المبارک کے ابتدائی دوعشروں کے دوران 7 ہزار 200 عمرہ زائرین کو طبی خدمات فراہم کی گئیں ۔
سعودیہ وزیر صحت
عمرہ زائرین میں کسی وبائی مرض کی تصدیق نہیں ہوئی، سعودی وزیرصحت
Apr 24, 2022