لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، شکیل منیر

Apr 24, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں کیونکہ اس سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو بہت نقصان پہنچے گا اور عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے صنعتی شہروں کو روزانہ 4 سے 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی ایک ایسے وقت میں جبکہ گرمی دن بدن بڑھ رہی ہے اطلاعا 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے  جس وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوڈشیڈنگ کے بارے میںبزنس کمیونٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، شیخ عامر وحید، سردار طاہر، اظہر السلام، چوہدری محمد علی، عثمان خان،محمد شاکر، جاوید اقبال، عمیس خٹک اور دیگر اجلاس میں موجود تھے۔ محمد شکیل منیر نے کہا کہ ملک میں 39 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، لیکن اس وقت سسٹم صرف  12ہزار میگاواٹ سے 16ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کر رہا ہے، جو پاور سیکٹر کی ناقص کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے توانائی شعبے کو برسوں سے ڈسٹری بیوشن سیکٹر میں بڑے نقصانات اور بگاڑ کا سامنا ہے جس سے قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے ،جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے بھی پاور کمپنیوں کی کارکردگی میں ہنگامی بنیادوں پر بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔کیونکہ معیشت کی بہتر ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کاروباری اور صنعتی اداروں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اشد ضروری ہے۔ 

مزیدخبریں