کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ عمران خان نے اپنی نااہلی سے چوروں اور لٹیروں کو ملک پر ناصرف زیادہ طاقتور بنا کر مسلط کر دیا ہے بلکہ سندھ کو زرداری کی اگلی نسل کے ہاتھوں میں بیچ دیا۔ ایم کیو ایم تحریک انصاف کی حکومت میں رہتے ہوئے عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے آصف زرداری سے ملاقات کررہی تھی، یہ مہاجروں کا اقدار نہیں۔ بلدیاتی قانون موجود نہیں اور اسکے بغیر بلدیاتی انتخاب کروانے کا مطلب اختیارات اور وسائل کے بغیر بلدیاتی حکومت بنا کر تم اختیارات اور وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاس میں جی ڈی اے کے اعلی سطحی وفد سے تفصیلی ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے جبکہ جی ڈی اے کے وفد میں صفدر عباسی، سردار رحیم اور عرفان اللہ مروت شریک تھے۔ صفدر عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے کا بلدیاتی قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا گیا۔ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں پاک سرزمین پارٹی کی پٹیشن میں جی ڈی اے فریق بننے پر غور کرے گی نیز کراچی سے کشمور تک دونوں جماعتیں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گی کیونکہ بغیر مثر بلدیاتی نظام کے انتخابات کرانا عوام کے حق پر ڈاکا ہے۔ سندھ کی عوام کے حق کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مل کر چلے گی، ہم بھی 2018 میں پاک سرزمین پارٹی کی طرح آر ٹی ایس سسٹم کے بیٹھنے کا شکار ہوئے تھے۔ آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مزید ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مصطفی کمال
مصطفی کمال سے جی ڈی اے وفد کی ملاقات، بلدیاتی قانون پر تبادلہ خیال
Apr 24, 2022