کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی اولین ترجیح ہے پسماندہ علاقوں کو بھی جدید بنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیر پاؤ کالونی ملیر کے اسٹار گراؤنڈ میں اسپورٹس کمپلیکس سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے بینظیر بھٹو پارک اور حسینی چوک پر مونومنٹ اور متصل سڑکوں کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا، یہ پروجیکٹ ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے، اس موقع پر صوبائی وزیر ساجد جوکھیو، ممبر قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، ممبر صوبائی اسمبلی محمد عالم جاموٹ، پروجیکٹ ڈائریکٹر نیبر ہوڈ اسکیم نذیر میمن نے بھی خطاب کیا،پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے رہنماء ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کے ایڈمنسٹریٹر ریاض کھتری، ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میونسپل کمشنر ملیراور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ 20 ایکڑ رقبہ پر مشتمل اسٹار گراؤنڈ میں تین اسٹیڈیم اور جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گااور اس اسپورٹس کمپلیکس کی اطراف کی سڑکوں کی تعمیر بھی کی جائے گی، جبکہ علاقے کے لوگوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بے نظیر بھٹو پارک بھی تعمیر کیا جارہا ہے، جس میں بچوں کے لئے پلے ایریا، خواتین کے لئے علیحدہ جگہ، جاگنگ ٹریک، واکنگ ٹریک اور دیگر سہولتیں مہیاکریں گے، حسینی چوک پر مونومنٹ بنائیں گے جو شیرپاؤ کالونی کی پہچان ہوگا، انہو ں نے کہا کہ اس سے قبل غریب اور متوسط آبادیوں پر توجہ نہیں دی گئی اور یہ علاقے نظرانداز رہے، کھلے مقامات اور اسپیس پر چائنہ کٹنگ کی گئی لیکن اب عوام کو حقیقی تبدیلی نظر آرہی ہے اور کھیلو ں کے میدانو ں اور کھلے مقامات کو محفوظ کیا جارہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کچھ مہینے پہلے یہاں کا دورہ کیا تھا اور یہاں کی قیادت نے انہیں اس زمین کو محفوظ کرنے کے لئے کہا تھا آج ہم نے یہاں اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور اس کے لئے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقے کے لوگوں کو بھی وہی سہولیات میسر آنی چاہئیں جو ترترقی یافتہ علاقے کے لوگوں کو حاصل ہیں، انہو ں نے کہا کہ آپ میں سے جو قیادت طاقت کے ایوان میں پہنچتی ہے وہ آپ کا مقدمہ لڑے تو علاقوں میں اس کے نتائج آتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری سے یہاں کی قیادت نے جو ڈیمانڈ کی تھی وہ ایک ایک کرکے پوری ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ مہران ہائی وے پر ترقیاتی کام جاری ہے اور یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جو مسائل حل کرتی ہے، انہو ں نے کہا کہ ملیر میں ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت مہیا کردی گئی ہے تاکہ یہاں کے لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لئے دور نہ جانا پڑے، یہ مزدوروں کا علاقہ ہے اور ان مزدوروں کا مقدمہ میں خود لڑوں گا، جو فنڈز محکمہ لیبر کے پاس ہیں وہ ان پر خرچ کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اس سال 31 دسمبر تک یہ تینوں پروجیکٹس مکمل کرلیں گے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میر کرم علی تالپور روڈ صدر میں جو ترقیاتی کام جاری ہے اس میں بعض افراد نے خلل ڈالنے کی کوشش کی ہے لیکن عید کے فوری بعد اس کام کو مکمل کیا جائے گا، انہو ں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام رہا ہے جس کے باعث معاشی استحکام نہیں آسکا، سنجیدہ سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں گی تو آنے والے دنوں میں ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو ملک کی معیشت ترقی کرے گی۔
مرتضیٰ وہاب
کراچی کی ترقی اولین ترجیح پسماندہ علاقوں کو بھی جدید بنائینگے مرتضیٰ وہاب
Apr 24, 2022