شاہ محمود قریشی کا آج ملتان آمد پر شاندار استقبال کیا جائیگا‘ عامر ڈوگر 

 ملتان(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے صاحبزادے و سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی کے ہمراہ آج (اتوار) کوشب 8 بجے ملتان پہنچیں گے۔ شاہ رکن عالم انٹر چینج بابر چوک کوٹ رب نواز پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ جہاں سے وہ ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں اپنی رہائش گاہ باب القریش پہنچیں گے۔ بابر چوک سے براستہ وہاڑی چوک‘ بی سی جی چوک‘ چونگی نمبر14‘ منظور آباد‘ حافظ جمال روڈسے دولت گیٹ چوک تک مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ جہاں پر ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی‘پی ٹی آئی کارکنان‘ معززین شہر‘ سول سوسائٹی کے نمائندے اور حلقہ این اے 156 این اے 157 کے ووٹرز مخدوم شاہ محمود قریشی کا فقید المثال استقبال کریں گے۔ قبل ا زیں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی ملتان آمداور استقبال کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز باب القریش ملتان میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کی۔ اجلاس میں سابق صوبائی وزیر معین قریشی‘سابق پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی‘ اعجاز حسین جنجوعہ‘ ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ‘ سٹی صدر ملک عدنان ڈوگر‘ سٹی جنرل سیکرٹری راؤ آصف‘ وویمن ونگ کی رہنما قربان فاطمہ‘ ڈاکٹر رو بینہ اختر‘ سیدہ عروج فاطمہ‘ آصفہ سلیم‘ شازیہ وحید بھٹی‘ گل نسرین ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ثابت قدم رہنے اور ہر اول دستہ کا کردار ادا کرنے پر سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کردار کو سراہا گیا۔ اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اختتام پر شاہ محمود خطاب کریں گے۔ 
شاہ محمود 

ای پیپر دی نیشن