لاہور(نامہ نگار) گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 229 چھاپے مارے گئے،منشیات کے کاروبار میں ملوث 90 ملزمان گرفتارجبکہ 87 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 44 کلو چرس، 360 گرام آئس اور 862 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو منشیات کیخلاف آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل ٹیمیں منشیات سمگلرز، ڈیلرز سمیت سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کا زہر پہنچانے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔ خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 16 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے، 57 دنوں میں منشیات فروشوں کیخلاف 7929 مقدمات درج کئے گئے۔