خواجہ عمران نذیر کی زیرقیادت عالمی ہفتہ  حفاظتی ٹیکہ جات کا آگاہی واک سے آغاز

 لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کی زیرقیادت ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب میں ایک واک سے عالمی ہفتہ  حفاظتی ٹیکہ جات کا آغاز ہوگیا۔واک میں ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر توسیعی پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار احمد، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ عالمی ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات دنیا بھر میں 24 تا 30 اپریل منایا جاتا ہے۔ اس ہفتے صحت عامہ پر ویکسی نیشن کے فوائد سے متعلق آگہی پیدا کی جاتی ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا اس ہفتے  ہم حکومتی اور پرائیویٹ سیکٹر کے شراکت دار ملکر تجدید عہد کرتے ہیں کہ ویکسین کے ذریعے انسانی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پہلی مرتبہ پنجاب میں 9 سے 15 سال کی بچیوں میں سروائیکل (بچہ دانی) کینسر سے بچاؤ کیلئے اگلے چند ماہ میں کینسر کی ویکسینیشن شروع کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا حفاظتی ٹیکہ جات کا توسیعی پروگرام  بچوں کو 12مہلک بیماریوں سے بچائو کی فری ویکسین فراہم کرتا ہے جوتمام مراکز صحت پر دستیاب ہیں۔

ای پیپر دی نیشن