غزہ+ ریاض+ رفح (آئی این پی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) صیہونی فوج نے نصیرت کیمپ اور رفح میں بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 55فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر بھی حملہ کیا جس سے عمارت تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب غزہ کے خان یونس شہر کے نصر میڈیکل کیمپ میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبر سے مزید 100سے زائد افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد نصر میڈیکل کیمپ سے ملنے والے شہداء کی تعداد 283ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والا اسرائیلی میجر ہلاک ہوگیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کرسٹوف لیموٹن نے کہا رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں۔ غزہ میں انسانی صورتحال تباہ کن ہے۔ امداد ترسیل کی اجازت دی جائے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور امداد فراہمی کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ضروری ہے۔ کئی یورپی ممالک نے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا۔ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا امن کی جانب مثبت قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ خطے کے استحکام کے حوالے سے زیادہ پرامید ہیں۔ القاسم بریگیڈ کے رہنما ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل 200 روز کے دوران غزہ میں کوئی ہدف حاصل نہیں کر سکا۔ اسرائیل اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش میں لگا ہے۔ اسرائیل کو غزہ میں ہزیمت اور شکست کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ مجاہدین 200 روز بعد بھی فلسطینی چٹانوں کی طرح کھڑے ہیں۔ مجاہدین گروپس کا خاتمہ اسرائیلی جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔اسرائیل نے جنوبی لبنان میں فضائی حملہ کیا‘ جواب میں حزب اﷲ نے 2 اسرائیلی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
55 فلسطینی شہید، زخمی اسرائیلی میجر ہلاک، اجتماعی قبر سے مزید 100 نعشیں برآمد
Apr 24, 2024