وفاقی وزیر خزانہ سے اہم مالیاتی‘ اقتصادی اداروں کے سربراہوں کی ملاقاتیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اور ریجنل بیورو برائے ایشیا و بحرالکاہل کی ڈائریکٹر،کنی وگناراجا کا آج پاکستان میں یو این ڈی پی کے کنٹری نمائندے کے ہمراہ خیرمقدم کیا۔ اجلاس نے اہم ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں حکومت پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔ وزیر نے کنی وگناراجا اور یو این ڈی پی پاکستان کنٹری آفس ٹیم کے پاکستان سے غیر متزلزل تعاون، خاص طور پر 2022ء کے سیلاب جیسے نازک وقتوں میں مخلصانہ تعاون کو سراہا ۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جامع اور مختلف ترقیاتی فنانسنگ کے لیے قومی اور بین الاقوامی مہارت کو متحرک کرنے میں یو این ڈی پی کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے ملک کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے پالیسی اصلاحات کے نفاذ پر حکومت پاکستان کی توجہ کو مزید اجاگر کیا۔ وزیر نے غربت میں کمی، خوشحالی میں اضافے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعمیری انداز میں یو این ڈی پی کے ساتھ شمولیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ کنی وگناراجا نے پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور یو این ڈی پی کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کنی وگناراجا نے وزیر کو یواین ڈی پی  کی حال ہی میں شروع کی گئی رپورٹ کی ایک کاپی بھی پیش کی جس کا عنوان "ڈوئنگ ڈیجیٹل فار ڈویلپمنٹ" ہے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگزیب سے البرکہ بنک پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ارکان نے  ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے موثر پالیسیوں پر عمل کے لیے پرعزم  ہے۔ بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹر اور غیر ملکی شیئر ہولڈرز نے پاکستان کے معاشی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا، وزیر خزانہ سے بل اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کے کنٹری لیڈر سید علی  محمود  اور  کار انداز پاکستان کے سی ای او وقاص الحسن نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو  بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان میں کی ترقی کے لیے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن