اسلام آباد(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور آئینی فورمز پر کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں کر کے صرف سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی پریس کانفرنس کے جواب میں کہی۔امیر مقام نے کہا وزیراعلیٰ کی پریس کانفرنس نیشنل سیکیورٹی اور دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا علی امین گنڈا پور نے یہ نکات متعلقہ فورمز پر کبھی کیوں نہیں اٹھائے جن میں وہ شریک ہوتے رہے ہیں۔ امیر مقام نے کہا دہشت گردی کے واپس آنے کی بنیادی وجہ ان کے لیڈر کی بطور وزیر اعظم غلط پالیسیاں تھیں۔ ان پالیسیوں کا خمیازہ آج پاکستان بھگت رہا ہے۔ امیر مقام نے کہا آپ نے مذاکرات کے نتیجے میں دہشت گردوں کو جیلوں سے نکالا اور واپس لا کر آباد کیا، جیلوں سے نکل کر دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے اور دہشت گردی شروع کی۔ اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے میں 10 سال سے اقتدار میں آپ ہیں اور صوبہ کنگال ہوچکا ، نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے۔ وفاق کے پاس خیبر پی کے کا کوئی معاملہ زیر التوا نہیں ۔ وزیراعلیٰ صوبائی تعصب کا تاثر پیدا کرنا چاہتے ہیں، وفاق اور صوبائی اکائیوں کے درمیان امور طے کرنے کے آئینی فورمز پر بات کرنی چاہیے۔
گنڈاپور کی پریس کانفرنس حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ، امیر مقام
Apr 24, 2024