سکیورٹی فورسز کا پشین میں آپریشن 3 دہشت گرد ہلاک‘ ایک گرفتار

Apr 24, 2024

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 22 اور 23 اپریل کی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھکر کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خیبر پی کے سے پنجاب میں داخل ہونے والے دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اداروں نے دہشتگردوں کو روکنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے دونوں دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔

مزیدخبریں