اووربلنگ پر ایف آئی اے اور لیسکو میں معاملات طے، گیس، بجلی چوری کیخلاف کارروائیاں، کنکشن منقطع

Apr 24, 2024

لاہور (سٹاف رپورٹر) سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 74 گیس کنکشن منقطع کردئیے جبکہ 25 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ سوئی ناردرن گیس نے ملتان میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر گھریلو کنکشن منقطع کیے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 5 کنکشن منقطع، مزید گیس چوروں کو 2 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ گجرات میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 1کنکشن منقطع کیا گیا۔ بہاولپور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 4 گھریلو کنکشن منقطع کیے۔ فیصل آباد میں ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 1 گیس کنکشن جبکہ گیس چوروں کو 20 ہزار سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 3 کنکشن منقطع کیے اور 2 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 1 گھریلو کنکشن منقطع، مزید گیس چوروں کے خلاف 1 ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی۔ سرگودھا میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 1 کنکشن منقطع کیا گیا۔ دریں اثناء لاہور سے آئی این  پی لیسکو اور ایف آئی اے کے درمیان اوور بلنگ پر معاملات طے پاگئے۔ لیسکو حکام کے مطابق لیسکو چیف شاہد حیدر اور ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک نے معاملہ حل کروایا جس کے تحت لیسکو انتظامیہ3 ماہ میں مرحلہ وار اووربلنگ کا خاتمہ کرے گی۔ حکام نے بتایا کہ3 ماہ میں زیر التوا تمام کنکشن لگائے جائیں گے اور خراب میٹر تبدیل ہوں گے۔ لیسکو حکام نے کہا کہ ایف آئی اے لیسکو کے دفاتر پر چھاپے نہیں مارے گی، کسی شکایت کی صورت میں چیف لیسکو کو خط لکھا جائے گا جب کہ ایک دو روز میں تمام تحفظات کا جواب ایف آئی اے کو دے دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران مزید 38 بجلی چور پکڑے گئے جن کو 2 لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 86 لاکھ 80 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔

مزیدخبریں