اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی ،ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا موجودہ پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پاک سعودی تعلقات مذہب ، ثقافت ،تاریخ اور باہمی اعتماد و احترام کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کی عوام سعودی عرب اور خادمین حرمین الشریفین سے گہری وابستگی رکھتی ہے۔دونوں برادر ممالک اہم عالمی اور علاقائی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان روابط دونوں اقوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے،دونوں برادر اسلامی ممالک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔