اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پرائیویٹ لیب سے طبی معائنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائد تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے پیش نظر طبی معائنے کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس معاملے کی سماعت کر رہے ہیں، آج کی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کا اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر یا ایکسل لیب سے طبی معائنے کا حکم دے دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے سابقہ خاتون اول کا طبی معائنہ کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت معاونت نہ کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دیا جہاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیٹ کونسل سے مخاطب ہوئے اور ریمارکس دیئے کہ’ہمارے احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا، جائیں اور ایڈوکیٹ جنرل کو بلا کر لائیں، وفاقی حکومت کو ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے عدالت کی معاونت نہ کرنے پر بتائیں گے‘۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر بنی گالہ میں طبی معائنہ کیا گیا، منگل کو رات گئے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کو اچانک تیزابیت اور سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد پمز کی لیڈی ڈاکٹروں نے بنی گالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا، اس دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے کھانے پینے اور لائف اسٹائل میں تبدیلیاں تجویز کیں، بشریٰ بی بی کی معدے اور آنتوں کا مکمل جائزہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا بشریٰ بی بی کے پرائیویٹ لیب سے طبی معائنے کا حکم
Apr 24, 2024 | 11:57