پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز، تاریخ میں انڈیکس پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا

Apr 24, 2024 | 11:59

 پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز، تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا،100 انڈیکس 686 پوائنٹس یا 0.96 فیصد بڑھ کر 72 ہزار 46 پر پہنچ گیا،پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر20 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1017 پوائنٹس یا 1.43 فیصد بڑھ کر 72 ہزار 376 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 71 ہزار 359 پر بند ہوا تھا۔  ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک میں ایک ہزار پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے حوالے سے چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف محمد فاروق نے تیزی کے رجحان کی وجہ ریکوڈک میں سعودیہ عرب کی سرمایہ کار کی رپورٹس، آئی ایم ایف کے ساتھ ممکنہ نئے قرض پروگرام اور مہنگائی، شرح سود میں کمی کی توقعات کو قرار دیا تھا۔ ریسرچ کے ڈائریکٹر اویس اشرف نے بھی یہی وجوہات بتائی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑھتے امکانات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔واضح رہے کہ 22 اپریل کو 100 انڈیکس 523 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 71 ہزار 433 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔یاد رہے کہ 9 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 694 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 70 ہزار کی حد عبور کر گیا تھاجبکہ اس سے قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1203 پوائنٹس اضافے کے بعد 69 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ 4 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 660 پوائنٹس اضافے کے بعد 68 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔اسی طر ح اس سے ایک روز قبل کے ایس ای-100 انڈیکس 869 پوائنٹس بڑھ کر 67 ہزار 756 کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

مزیدخبریں