امریکی سینیٹ سے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کیلئے 95 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج منظور

Apr 24, 2024 | 12:24

امریکی ایوان نمائندگان کے بعد کانگریس (سینیٹ) نے بھی اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے 95 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی۔امریکی میڈیا کے مطابق کانگریس نے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے امدادی پیکیج کا بل 18 کے مقابلے میں 79 کی واضح اکثریت سے منظور کیا۔سینیٹ کی جانب سے منظور کیے گئے 95 ارب ڈالر کے پیکیج میں سے 61 ارب ڈالر یوکرین اور تائیوان کے لیے ہوں گے جبکہ 26 اعشاریہ ایک ارب ڈالر اسرائیل کی ملٹری سپورٹ کے لیے ہوں گے، اس 26 اعشاریہ ایک ارب ڈالر میں سے 9 اعشاریہ ایک ارب ڈالر غزہ میں انسانی حقوق کی بنیاد پر امداد کے لیے مختص ہوں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے سینیٹ کی جانب سے پیکیج کی منظوری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری سے ہماری قوم اور دنیا مزید محفوظ ہو سکے گی، جیسے ہمارے دوست حماس کی دہشتگردی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور یوکرین کے لیے منظور پیکیج پر جلد امریکی صدر کی جانب سے دستخط متوقع ہیں۔کانگریسن میں ڈیموکریٹس لیڈر سینیٹر چک شمر نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا نے 6 مہینوں کی سخت محنت اور متعدد ٹوئسٹ کے بعد دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہم اپنے اتحادیوں سے منہ نہیں موڑتے۔یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس فروری میں بھی کانگریس سے اسی قسم کا بل پاس کیا تھا لیکن قدامت پسند گروپ کی جانب سے یوکرین کو مالی امداد کی سپورٹ کی مخالفت کے باعث بل کو منظوری کے لیے امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں