اسلام آباد میں صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادرا کی مدد سے متاثرین سیلاب کی فہرستیں تیار کرے۔ صدرکے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس کو سیلاب کی تازہ ترین صورتحال، نقصانات کی تفصیل، متاثرین کو خوراک اوردیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ فی خاندان کو ابتدائی مالی اعانت کے طورپربیس ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے، جس کی پہلی پانچ ہزار روپے کی قسط ہنگامی بنیاد پرفراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کو جی سی سی ممالک کے دورے پربھیجنے کافیصلہ کیا گیا ہے، وہ ان ممالک کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کرکے عالمی برادری سے تباہ ہونے والے ڈھانچے کی ازسرنوتعمیر کیلئے اعانت کا مطالبہ کریں گے۔اجلاس میں اسلام آباد میں ڈونرز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔