کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آگئی ہے ، تازہ واقعات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سیاسی جماعت کا عہدیدارہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کورنگی کے علاقے میں واقع علی اکبرگوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پینتالیس سالہ محمد یعقوب قاسم ہلاک ہوگیا جو متحدہ قومی موومنٹ کا یونٹ انچارج بتایا گیا ہے ۔ مقتول کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔  پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قراردیا ہے۔ ادھر گلزار ہجری کے علاقے میں واقع گلشن ویو کی دکانوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ایک اور واقعہ کھارادر کے علاقہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک مسافر بس کو نذر آتش کردیا اور فرار ہوگئے تاہم بس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی کے رکن قومی اسمبلی پرویز خان کے بھائی آصف جان جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد  شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ شروع ہوگیا اورتین بسوں کو نذرآتش کر دیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن