دریائے سندھ میں سیلاب کے باعث سندھ کے متاثرہونے والے سترہ اضلاع میں سیلابی پانی کی سطح نیچے آنا شروع ہوگئی ہے۔ سکھر بیراج سے گزرنے والے سیلابی پانی میں کمی کے باوجود حساس بندوں الراجا گیربند، فرید آباد بند اور راضی دیرو بند پر پانی کا دباؤ برقرار ہے۔ محکمہ آبپاشی اور ریونیو کا عملہ بندوں کی نگرانی کررہا ہے۔ ٹھٹہ میں سورجانی بند کے قریب بھی پانی کا شدید دباؤ ہے اور بند کے آٹھ فٹ حصے پر کٹاؤ جاری ہے،حفاظتی پشتوں میں دراڑیں پڑنے لگیں جس کے بعد مرمت کا کام جاری ہے۔ سیلاب سے متاثر گاؤں راجو نظامانی اور ٹنڈو حافظ شاہ میں متعدد افراد اب تک محصور ہیں۔ سیلابی پانی نے حیدر آباد کو تینوں طرف سے گھیر رکھا ہے۔ شہرکے اہم ترین علاقوں قاسم آباد ، لطیف آباد ، اور حسین آباد کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ ادھر قبو سعید خان، غلام مصطفی جروار اور چوکی پتوجو زیر آب آگئے۔