اسلام آباد میں دومسافرطیارے ریڈ زون میں داخل ہوگئے، جس کے مناظر وقت نیوز کے کیمرے نے محفوظ کرلیے، سول ایوی ایشن کے ذمہ دران نے اس معاملے پر اپنا موقف دینے سے گریزکیا ہے ۔

Aug 24, 2010 | 22:15

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد ایئرپورٹ کے علاقے میں محو پرواز دو مسافر طیارے جن میں سے ایک غیرملکی ایئرلائن اور دوسرا پی آئی اے کا تھا ، ریڈ زون میں داخل ہوئے۔ غیرملکی طیارہ ایک بج کرچون منٹ جبکہ پی آئی اے کا طیارہ دو بج کر چار منٹ پر پارلیمنٹ لاجز، ریڈیو پاکستان، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اورایف بی آر کی بلڈنگ کے اوپر سے گزرے۔ اس موقع پر وہاں موجود وقت نیوز کے کیمرہ مین کاشف عباسی نے ان طیاروں کی فوٹیج بنالی۔ ان طیاروں کی پرواز ایک ایسے علاقے میں ہوئی ہے جہاں سڑک کی دوسری طرف وزیراعظم سیکرٹریٹ، سپریم کورٹ، پارلیمنٹ ہاوس اور ایوان صدر واقع ہیں۔ طیاروں کی اس علاقے میں پرواز کے بارے میں سول ایوی ایشن کے افسر تعلقات عامہ نے بتایا کہ معمول کے مطابق ایسا نہیں ہوسکتا تاہم ریڈ زون میں ایمرجنسی یا کنٹرول ٹاور کی ہدائت پر ہی کوئی طیارہ داخل ہوتا ہے۔ وقت نیوز کی جانب سے اس سلسلے میں ایئر ہیڈکواٹر کے ترجمان کموڈور طارق قمر سے باربار رابطے کی کوشش کی گئی مگر ان کا موبائل مسلسل وائس میل پر لگا ہوا پایا گیا۔
مزیدخبریں