”جعلی ڈگریاں“ الیکشن کمشن کمیٹی کی سماعت ایک بھی رکن پارلیمنٹ پیش نہ ہوا

اسلام آباد (خبر نگار) جعلی ڈگریوں کے کیسوں کی سماعت کے لئے الیکشن کمشن کی کمیٹی کی سماعت میں گذشتہ روز 6 ارکان پارلیمنٹ میں سے ایک بھی پیش نہ ہوا۔ جس پر سماعت 30 اگست تک ملتوی کر دی گئی اور مزید 6 ارکان پارلیمنٹ کو بھی نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جوائنٹ سیکرٹری محمد افضل خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے سماعت شروع کی تو بتایا گیا کہ طلب کئے 6 میں سے ایک بھی رکن پارلیمنٹ حاضر نہیں ہوا تاہم 3 کے نمائندے پیش ہوئے۔ وسیم افضل گوندل کے نمائندے نے بتایا کہ وہ ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ مولوی آغا محمد کے نمائندے نے کہا کہ وہ بیمار ہیں‘ شفیق گجر کے نمائندے نے کہا کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا۔ وہ صرف میڈیا کے ذریعے معلوم ہونے پر پیش ہوئے ہیں۔ سید سلمان محسن‘ جاوید حسنین اور خیبر پی کے ایم پی اے گلستان کا کوئی نمائندہ بھی نہیں پیش ہوا جس پر کمیٹی نے ان ارکان کو دوبارہ اور 6 مزید ارکان پارلیمنٹ ایم این اے ہمایوں عزیز کرد‘ سینیٹر اسرار اللہ زہری‘ خیبر پی کے کے ایم پی اے کشور کمال‘ خلیفہ عبدالقیوم‘ بلوچستان کی ایم پی اے شمع پروین مگسی‘ پنجاب اسمبلی کی صائمہ عزیز چن کو بھی نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ انہیں بھی 30 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ افضل خان نے کہا کہ ان ارکان کو صفائی کا موقع دینے کے لئے 3 بار نوٹسز جاری کئے جائیں گے اگر پھر بھی پیش نہ ہوئے تو الیکشن کمشن یکطرفہ کارروائی کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن