راولاکوٹ/ جموں/ راولپنڈی (اے این این) بے لگام بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں گاﺅں ترونی پر بلا اشتعال گولہ باری و فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مکان تباہ اور اسکا مالک شدید زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی کے پیش نظر نئی دہلی میں ترکمانستان، افغانستان اور بھارت کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) پر ہونیوالے مذاکرات میں شرکت نہیں کی جس کے باعث عین وقت پر مذاکرات منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ ادھر بھارتی حکام نے روایتی الزام عائد کیا ہے کہ پونچھ میں پاکستانی فوج نے گزشتہ شب کنٹرول لائن کی دو بار خلاف ورزی کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق جمعہ کو بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر آزاد کشمیر میں راولاکوٹ سے ملحقہ پونچھ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں گاﺅں ترونی میں ایک مکان تباہ ہو گیا جبکہ اسکا مالک عاطف کیانی نامی شخص زخمی ہوگیا جسے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی تازہ خلاف ورزی کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب بھارتی دفاعی ترجمان کرنل آر کے پالٹا نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فوج نے پونچھ کے سب سیکٹر میں گزشتہ شب دوبار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور بھارتی حدود میں مارٹر گولے داغے جس کا موثر جواب دیاگیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو بھارت میں 22اگست کو نئی دہلی میں تاپی منصوبے پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث ان مذاکرات میں شرکت سے انکارکردیا جس کے باعث یہ مذاکرات عین وقت پر منسوخ کردیئے گئے ۔واضح رہے کہ امریکہ پاکستان کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ ترک کرکے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا حصہ بننے پر قائل کررہا ہے اور اس مقصد کے لئے وہ مالی مدد کرنے کے لئے بھی آمادگی ظاہر کرچکا ہے۔