لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر بات چیت کا پانچ روزہ دور ایک سال کے تعطل کے بعد آج شروع ہو گا۔ بھارتی سندھ طاس کمشنر کے ووہرہ کی قیادت میں چار رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد واہگہ پہنچا تو پاکستانی حکام نے استقبال کیا۔ اس موقع پر کے ووہرہ نے کہا خیر سگالی جذبے کیساتھ آئے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی پانی کی پالیسی پر بات کرنے سے احتراز کیا۔ مذاکرات کا یہ دور 28 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران بھارت کی طرف سے دریائے چناب پر اکیس سو دس میگاوٹ کے چار نئے بجلی گھروں پر بات چیت ہو گی جبکہ تین سو تیس میگا واٹ کے کشن گنگا پاور ہاؤس کے سپل وے ڈیزائن پر بھی گفتگو ہو گی۔ بھارت سے مذاکرات کے لئے آصف بیگ مرزا کی سربراہی میں دس رکنی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔