لاہور (خبرنگار) آصف علی زرداری نے ظہور الٰہی روڈ پر چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی سے اکیلے ملاقات کی۔ اس موقع پر انکے چاروں ساتھی رضا ربانی، خورشید شاہ، رحمن ملک اور اعتزاز احسن اس ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔ آصف علی زرداری چودھری برادران کے گھر جانے والے پیپلز پارٹی کے پہلے سربراہ ہیں۔ پرویز الٰہی نے بتایا کہ زرداری پیپلز پارٹی کے پہلے سربراہ ہیں جو انکے گھر آئے اس پر انہوں نے ان سے اظہار تشکر کیا۔سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے ملاقات کے پیغام کے بعد چودھری برادران ہنگامی طور پر اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔ ق لیگ کے سربراہ شجاعت حسین اور پرویز الٰہی عوامی تحریک کے دھرنے کی وجہ سے گذشتہ کئی روز سے اسلام آباد میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء سابق صدر آصف زرداری لاہور میں مصروف دن گزارنے کے بعد واپس کراچی روانہ ہو گئے۔