ترقی کیلئے پاکستانی کمیونٹی اختلافات ختم کرے‘مسائل کے حل کی خاطر شکایت سیل بنایا جائیگا‘ رکن برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور

برسلز (نامہ نگار) بلجیم کے معروف ڈاکٹر اور پاکستانی کمیونٹی کے پہلے منتخب رکن برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور نے بیان میں کہا ہے کہ وہ کمیونٹی کی بھلائی اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے نہ صرف شکایت سیل کے قیام کو یقینی بنائیں گے بلکہ جلد ہی ایک دفتر کو کھول کر عوامی خدمت کیلئے بلجیم کے پڑھے لکھے لڑکے اور لڑکیاں روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات میں مقیم کمیونٹی کے مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔ ڈاکٹر منظور ظہور نے کہا کے وہ کمیونٹی کی بھلائی کی خاطر کوئی دقیقہ فروگداشت نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منظور شکایت سیل کے ذریعے نہ صرف لوگوں کے مسائل کو جان سکیں گے بلکہ عوام اپنی رائے کے ذریعے اصلاح و احوال میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ ڈاکٹر منظور ظہور نے کہا کمیونٹی ایک پلیٹ پر متحد ہو جائے تاکہ ہم اپنے اہداف آسانی سے حاصل کر سکیں انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پہلے ہی دھڑے بندیوں کا شکار ہے لہٰذا ہمیں اختلافات بھلا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا امیج بہتر بنانا ہے تا کہ ہم اپنے کردار اور مثبت کاموں کے ذریعے نہ صرف اپنا بلکہ اپنے ملک پاکستان کا نام روشن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔

ای پیپر دی نیشن