لاہور (سپورٹس رپورٹر) پہلی ڈویژنل نیشنل باسکٹ بال چیمپیئن شپ بی گریڈ 2015ء میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ نے اپنی حریف ٹیموں کو سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سیالکوٹ میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میچز گذشتہ روز کھیلے گئے۔ پہلا سیمی فائنل میچ گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز رہا۔ وقفے تک اسلام آباد کی ٹیم کو 26-19 سے برتری حاصل تھی جبکہ دوسرے ہاف میں گوجرانوالہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہتر کھیل پیش کیا۔ اور میچ کا اختتام 56 کے مقابلے 62 پوائنٹس پر کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھی دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا جس میں فیصل آباد نے کراچی کو 53 کے مقابلے 68 پوائنٹس سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔