اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمٰن کو دوبارہ ٹیلی فون کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے متحدہ رہنماﺅں کےلئے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو الطاف حسین سے ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا حکومت کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے جائز تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہے۔ فضل الرحمٰن نے کہا متحدہ کے رہنماﺅں سے وزیر اعظم کی ملاقات کے لیے وقت طے کیا جائے۔ فضل الرحمن نے بتایا متحدہ رہنما¶ں سے آج مذاکرات بحال ہونے کی امید ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا آج ہمارے ایم کیو ایم کے دوستوں سے ملاقات ہوگی۔ ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات کیلئے وزیراعظم سے وقت مانگا ہے۔ کوشش ہوگی آج ایم کیو ایم کے رہنماﺅں کی وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے۔ انہوں نے کہا قانونی اور آئینی طور پر ایم کیو ایم کے استعفے قبول نہیں کیے جا سکتے۔ ایم کیو ایم والے خود بھی نہیں چاہتے تھے استعفے منظور ہوں۔ متحدہ کا مو¿قف تھا ان کے تحفظات دور ہوں تو استعفے واپس لے لیں دھرنے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا تھا دو سال پہلے پاکستان کا دنیا بھر میں منفی تاثر تھا جواب مثبت تاثر میں بدل گیا ہے۔ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے اس لیے سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے جائز تحفظات دور کیے جائیں گے۔ کراچی میں امن مکمل بحال کرنا ہے اس کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ ایم کیو ایم کے خلاف الزامات پر قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے، پارلیمانی رہنماﺅں کے اجلاس میں ایم کیو ایم سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔مولانا فضل الرحمن ایم کیو ایم سے مذاکرات کیلئے ڈی آئی خان سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم سے وقت لینے میں کامیاب ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم اور ایم کیو ایم کے رہنماﺅں کی ملاقات آج سہ پہر 3 بجے ہوگی۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم کے 19 نکات پر بات ہوگی۔