اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے اہم رہنماﺅں کو کل اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ آج بلاول بھٹو اسلام آباد آئیں گے اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے مقامی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پارٹی کی سینئر قیادت کا بھی اجلاس ہوگا جس میں پنجاب پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کا جائزہ لیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ندیم افضل چن کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر اور چودھری منظور کو سیکرٹری جنرل پنجاب بنایا جاسکتا ہے۔ این این آئی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کی کمان خود سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب کے اضلاع کے اجلاس طلب کرلئے ہیں۔ اس ضمن میں پارٹی کی پنجاب کی سینئر لیڈرشپ کو اسلام آباد بلا لیا ہے۔ بلاول بھٹو آج اسلام آباد پہنچیں گے جس میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شامل اضلاع کی تنظیموں سے ملاقات کریں گے۔ 25 اگست کو فیصل آباد ضلع اور شہر کے اجلاس زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ہونگے۔ 26 اگست کو ننکانہ صاحب، قصور، 27 اگست کو اوکاڑہ، پاکپتن، 28 اگست کو گجرات، لاہور، 29 اگست کو بھکر اور چکوال کے اجلاس طلب کئے گئے ہیں۔ پارٹی قیادت کی درخواست پر جنوبی پنجاب کے تین اضلاع کے اجلاس بلاول ہاﺅس لاہور میں بلانے کا امکان ہے۔
بلاول
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات: بلاول نے اہم رہنماﺅں کو کل اسلام آباد بلا لیا
Aug 24, 2015