لاہور/ فیصل آباد (نامہ نگاران) پاکپتن میں گلی میں کھیلتے ہوئے 4 سالہ بچی کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا جبکہ شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ میں لڑکی کے اغوا پر ورثا اور اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ فیصل آباد میں نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا جبکہ ایک بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور ملز م تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ خوشاب سے اغوا ہونیوالے لڑکے کو ساہیوال سے برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ داتا دربار سے اغوا ہونیوالے مریدکے کے 2 طالبعلم بھائیوں میں سے ایک بھائی اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہوکر گھر پہنچ گیا۔ پولیس نے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق گائوں 17/Sp کے رہائشی اللہ دتہ کی 4 سالہ بیٹی عروج فاطمہ گلی میں کھیل رہی تھی جس کو گلی سے نامعلوم افراد اغواء کرکے لے گئے۔ ساہیوال/ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق خوشاب سے اغوا ہونیوالا 16 سالہ عبدالوہاب کو ساہیوال سے بر آمد کر لیا گیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق داتا دربار سے اغوا ہو نے والے مریدکے کے دو طالبعلم بھائیوں میں سے ایک بھائی اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہو کر گھر پہنچ گیا۔ بتایا گیا ہے تھانہ صدر مریدکے کے نواحی گائوں لامبڑے چوہراں کے رہائشی امام مسجد محمد عمر کے 19 سالہ بیٹے انیس اور 16 سالہ فاروق کو ایک ماہ قبل داتا دربار لاہور سے کام کرنے کا جھانسہ دیکر اغوا کاروں نے اغوا کرلیا اور مبینہ طور پر منڈی بہائو الدین لے گئے۔ گذشتہ روز بیماری کا بہانہ بنا کر فاروق وہاں سے فرار ہوکر واپس اپنے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر گروہ کے سرغنہ حبیب نامی ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ایک بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایک ملزم گرفتار دوسرا فرار ہو گیا۔ ادھر فیصل آباد میں مدینہ ٹائون کے علاقہ میں کار سوار مبینہ اغوا کار شہزاد کو محلہ داروں نے پکڑ کر خوب دھلائی کی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ بیگم کوٹ میں لڑکی کے اغوا پر ورثا اور شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے چوک بیگم کوٹ سڑک پر ٹائر رکھ کر آگ لگا کر کئی گھنٹے احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے سڑک بلاک رکھی جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ گذشتہ روز نامعلوم افراد نے ایک لڑکی (ف) کو زبردستی اغوا کر لیا تھا۔
شاہدرہ: لڑکی کے اغوا کیخلاف مظاہرہ: پاکپتن، 4 سالہ بچی کو اٹھا لیا گیا
Aug 24, 2016