لاہور (خبرنگار) لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کی سینئر ائر ہوسٹس نزہت بخاری کو ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا امریکہ سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیویارک جانیوالے پی آئی اے کی پرواز پی کے 721 کے فلائٹ کریو کی سامان کی تلاشی کے دوران نزہت بخاری کے ہینڈ بیگ سے سونے کے 4 بسکٹ برآمد ہوئے جن میں 2 کلو سے زائد سوناتھا۔ مقدمہ کے اندرا ج کیلئے نزہت بخاری کو سپرنٹنڈنٹ کسٹم اینٹی سمگلنگ وقار چیمہ کے حوالے کر دیا گیا ۔ سونا کس کا تھا اور کس نے امریکہ پہنچانے کی ذمہ داری نزہت بخاری کو سونپی تھی سونا کس کو پہنچایا جانا تھا کے حوالے سے نزہت بخاری سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ سونے کی سمگلنگ کے ذریعے گزشتہ کئی برسوں سے منی لانڈرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔