شپنگ کے واجبات کی عدم ادائیگی، پاکستانی بحری جہاز کو جنوبی افریقہ میں روک لیا گیا

Aug 24, 2016

کراچی (صباح نیوز) پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے جہاز ’ایم وی حیدر آباد‘ کو جنوبی افریقی ہائی کورٹ کے حکم پر پورٹ الزبتھ پر روک لیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی بحری جہاز مغربی افریقہ کی بندرگاہ پیڈرو کی جانب گامزن تھا تاہم جب جہاز جنوبی افریقہ کے بندرگاہ پر ایندھن بھروانے کیلئے پہنچا تو اسے عدالتی حکم پر سکیورٹی حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ جنوبی افریقہ کی عدالت نے مال برداری کا کرایہ ادا نہ کرنے کے مقدمے میں پاکستان سٹیل ملز کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ جنوبی افریقی قوانین کے مطابق عدالتی حکم جاری ہونے کے بعد کسی بھی بحری جہاز کو تحویل میں لیا جا سکتا ہے۔ سنگاپورکی شپنگ کمپنی نے پاکستان سٹیل ملز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں سٹیل ملز پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے 2008ء میں آئرن اور کچ دھات کی شپنگ کے عوض کرایہ ادا نہیں کیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق 2008 ء میں پاکستان سٹیل ملز نے جنوبی افریقہ سے 10 لاکھ ٹن لوہا/ کچ دھات لانے کیلئے سنگاپورین کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں تاہم پاکستان سٹیل ملز کمپنی کو 75 لاکھ ڈالر کرائے کی مد میں ادائیگی کرنے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد کمپنی نے 8 لاکھ ٹن مال لانے کے بعد کام روک دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اب جنوبی افریقہ کی عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ نہ صرف کرائے کے 75 لاکھ ڈالر ادا کئے جائیں بلکہ 65 لاکھ ڈالر ڈالر سود بھی ادا کیا جائے۔ دوسری طرف پی این ایس سی ذرائع نے بتایا کہ ان کے پاس جہاز کو چھڑانے کے کئی آپشنز موجود ہیں اور اس حوالے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور جنوبی افریقہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطہ کر لیا گیا۔

مزیدخبریں