کراچی (وقائع نگار) کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کا ضمنی چالان پیش کردیا گیا ہے۔ ضمنی چالان میں فیکٹری مالکان کو بے قصور قرار دیا گیا ہے۔ منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پولیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے کیس کا ضمنی چالان پیش کیا گیا۔ ضمنی چالان میں فیکٹری مالکان شاہد بھائیلہ اور دیگر کو بے قصور قرار دیا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی اور عبدالرحمن بھولا کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کے خلاف سیشن کورٹ کا کیس نہیں بنتا ہے۔ اس کیس کو انسداد دہشت گرد ی کی عدالت میں منتقل کیا جائے۔ عدالت نے ضمنی چالان منظور کرلیا ہے جبکہ کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقلی کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔